سپریم کورٹ کا سکھر پریس کلب کھولنے کا حکم

199
میونسپل انتظامیہ کی کارروائی کے دوران سکھر پریس کلب کو سیل کیا جارہا ہے

سپریم کورٹ نے سکھر پریس کلب کو کھولنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں سکھر پریس کلب کو سیل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بنچ نے کی ۔جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عدالت نے سکھر پریس کلب کے صحافیوں کو سڑک پر بٹھانے کا نہیں کہا تھا۔میونسپل کمشنر سکھر نے عدالت کو بتایا کہ پریس کلب کو ہائیکورٹ کے فیصلے پر خالی کرایا گیا۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا انسانوں کے ساتھ سلوک کرنے کا ایک طریقہ ہوتا ہے،کس حکم کے تحت صحافیوں کو پریس کلب سے باہر نکالا گیا؟سپریم کورٹ نے پریس کلب کے لیے مناسب متبادل جگہ دینے کا حکم دیا تھا،ہم کس معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں ایسے کام ہونے لگے ہیں۔

عدالت نے سکھر پریس کلب کا قبضہ فوری طور پر ممبران کو دینے کا حکم دے دیا، عدالت نے پریس کلب کے لیے متبادل جگہ کا مناسب حل آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی ۔