حکومت سیف گیمز کیلیے تربیتی کیمپ فوری لگائے، شیروز خان

68

اسلام آباد (جسارت نیوز) قومی ہائی جمپ چیمپئن شیروز خان نے کہا ہے کہ حکومت سیف گیمز کی تیاری کیلئے اتھلیٹکس کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ فوری لگائے۔گذشتہ روز جناح ا سٹیڈیم میں سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2016ء سے کھیل کا آغاز کیا جس کے بعد 2017ء میں کراچی میں کھیلی گئی چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور اس کے بعد 2018ء میں اسلام آباد میں کھیلی گئی چیمپئن شپ میں بھی ہائی جمپ کے ایونٹ میں چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتنے کم عرصے کی تربیت کے بعد چیمپئن بننا میرے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے یہ سب والدین کی دعاؤں اورکوچ قاضی تنویر کی تربیت کا نتیجہ ہے ۔ 2سال تک مسلسل چیمپئن ہونے کا اعزاز پانے والے پاکستان واپڈا کے اتھلیٹ شیروز خان نے امید کا اظہار کیا کہ وہ 2019ء میں بھی کھیلی جانے والی قومی چیمپئن شپ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے کیونکہ میں نے ابھی سے ہی اپنی مدد آپ کے تحت محنت کرنا شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا اس وقت ٹارگٹ نیشنل گیمز اور سیف گیمز ہے اور حکومت کو چاہئے کہ سیف گیمز کی تیاری کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ جلد از جلد لگائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر فیڈریشن کیلئے ایک اچھا موقع آرہا ہے کہ ابھی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں آ رہی ہیںجس کے دوران ضلعی سطح پر تربیتی کیمپ لگاکر نئے ٹیلنٹ کو تربیت دی جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور یہ کا م حکومتی اور ا سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ناممکن ہے۔