مراکش سے درجنوں تارکین وطن ہسپانوی علاقے میں داخل

61
میلیلا: ہسپانوی پولیس اہل کار مراکش سے سرحدی باڑ عبور کرکے داخلے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کررہے ہیں
میلیلا: ہسپانوی پولیس اہل کار مراکش سے سرحدی باڑ عبور کرکے داخلے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کررہے ہیں

میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی افریقا سے بڑی تعداد میں مہاجرین ہسپانوی علاقے میلیلا اور سیوتا میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ حال ہی میں 52 تارکین وطن میلیلا کی سرزمین پر پہنچنے میں کامیاب ہو گئے، اس حوالے سے ہسپانوی وزارت داخلہ کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 100 مہاجرین نے اسپین اور مراکش کی تقریباً 6 میٹر بلند باڑ پار کرنے کی کوشش کی اور اس دوران ذیلی صحارہ خطے سے تعلق رکھنے والے 52 افراد سرحدی باڑ کو پار کرکے جانے میں کامیاب ہو گئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق تارکین وطن نے علی الصبح ہسپانوی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی اور دونوں جانب کے سیکورٹی اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی تاہم، مجموعی تعداد کے تقریباً نصف میلیلا میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے، اس دوران ہسپانوی پولیس کے 4 اہل کار اور ایک تارک وطن زخمی ہوئے جب کہ ایک تارک وطن کو پولیس افسر پر حملہ کرنے کے الزام میں حراست میں بھی لے لیا ہے۔ میلیلا میں داخل ہونے والے تمام مہاجرین کو عارضی پناہ گاہ میں رکھا گیا ہے، جہاں انہیں ابتدائی امداد فراہم کی گئی۔ مقامی ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی وڈیو میں خار دار تاروں والی باڑ پر مہاجرین کے سویٹر، جیکٹیں اور دیگر ملبوسات لٹکے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ اتوار کے روز پیش آنے والا واقعہ گزشتہ برس اکتوبر کے بعد سے اب تک رونما ہونے والا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اُس وقت 300 مہاجرین نے یہ باڑ پار کرنے کی کوشش کی تھی، جس میں تقریباً 200 افراد کامیاب ہوئے تھے۔