عمان نے دہائیوں بعد عراق سے سفارتی تعلقات بحال کرلیے

43

مسقط (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیجی ریاست عمان نے 3 عشروں کے بعد بغداد میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے ساتھ عراق سے سفارتی تعلقات بحال کردیے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق 3 عشرے قبل عمان نے عراق کے ساتھ سفارتی تعلقات اس وقت ختم کردیے تھے جب عراق نے کویت پر چڑھائی کردی تھی۔ عمان حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسقط اور بغداد کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم رہے ہیں۔ مسقط نے بغدادمیں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عراق میں سفارتی مشن دوبارہ شروع کیاجاسکے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بغداد میں عمان کا سفارت خانہ کھلنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور دونوں قوموں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ جمعہ کے روز عراق کے وزیرخارجہ محمد علی الحکیم کو ان کے عمانی ہم منصب یوسف بن علوی کاایک مکتوب موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سلطنت عمان بغداد میں اپنا سفارتی مشن بحال کرنے کے لیے تیار ہے۔ عراقی حکومت نے عمان کی طرف سے تعلقات کی بحالی کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ دریں اثنا عراق اور کویت نے دونوں ممالک کے درمیان واحد زمینی سرحدی چوکی صفوان کے انفرا اسٹرکچر کی تعمیر نو کا فیصلہ کیا ہے۔ عراق کے کسٹم وفد کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بغداد اور کویت صفوان سرحدی چوکی کے انفراسٹرکچر کی دوبارہ سے تعمیر کریں گے اور مذکورہ منصوبے کی مالیت کویت کی طرف سے ادا کی جائے گی۔