پشاور ن لیگ کے رہنماء امیر مقام کا بیٹا کرپشن کے الزام میں گرفتار

49

پشاور(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن)کے رہنما امیر مقام کے بیٹے اشتیاق کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ایف آئی اے خیبرپختونخوا کے مطابق شانگلہ الپوری روڈکی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی انکوائری مکمل ہونے پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے کارروائی کی ہے۔ایف آئی آر میں ٹھیکیداروں، پراجیکٹ ڈائریکٹر، این ایچ اے اور انجینئرز بھی نامزد ہیں۔ امیر مقام کے بیٹے اشتیاق سمیت دیگر 5 ٹھیکیداروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔مذکورہ پراجیکٹ امیر مقام اینڈ کمپنی کو 850 ملین روپے میں ایک سال کے اندر مکمل کرنا تھا لیکن منصوبہ 10 سال بعد بھی نا مکمل ہے اور تخمینہ 2800 ملین سے تجاوز کر چکا ہے۔ایف آئی اے خیبر پختونخوا نے این ایچ اے کے 11اعلی افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی، امیر مقام اینڈ کمپنی بلیک لسٹ کرنے کی سفارش کی ہے۔ امیرمقام اینڈ کمپنی سے 626ملین روپے کی ریکوری کی بھی تجویز دی گئی ہے۔