ارکان پارلیمنٹ اپنے اپنے حلقوں میں وقت دیں، وزیراعظم

135

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے ارکان پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں میں وقت دینے کی ہدایت کردی، ارکان سے کہا گیا ہے کہ عوام کی تکالیف کم کرنے میں کردار ادا کریں، وزیراعظم نے اجلاس میں ارکان کو آئی ایم ایف، ایمنسٹی اسکیم پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے معاشی ٹیم سے ارکان پارلیمنٹ کا تعارف کرایا، ارکان کو معیشت کی بہتری کیلیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کے بعد معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بجٹ سے پہلے ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔ اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو یقین دلایا گیا کہ عوام اور ملک کا مفاد سیاسی مفاد سے بالاتر ہے، ملک اور عوام کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلیے لانگ ٹرم منصوبوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا، پی ٹی آئی اسٹیٹس کے خاتمے اور اصلاحات کا وعدہ پورا کرے گی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔