عثمان بزدار کی زیرصدارت جنوبی پنجاب کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس

80

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں 3گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میںجنوبی پنجاب میں فلاح عامہ کے پروگرام اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے لیے ترقیاتی روڈمیپ پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے اورنئے پاکستان میں باتیں کم اور کام زیادہ کیا جائے۔ تبدیلی کے لیے کام کرکے دکھانا ہوگا۔ پریزنٹیشن سے کام نہیں چلے گابلکہ عملی طور پر آن گرائونڈ عوام کو سہولت ملے گی تو گورننس بہتر ہوگی لہٰذا عام آدمی کی سہولتوں کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے پروگراموں میں تاخیر کرنے والوں سے جواب لیا جائے گا۔ فلاح عامہ کے پروگرام میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا۔ تعلیم،صحت ،انفرااسٹرکچر،سڑکوں کی تعمیر ومرمت اورصاف پانی کے منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ ریلیف فراہم کرنے کے لیے روایتی طریقہ کار کو خیرباد کہنا ہوگا۔ اضلاع میں ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے حوالے سے کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔