ملکی ترقی روکنے کیلیے دشمن دہشتگردی کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

47

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے کی ترقی کے خلاف سازش کو ناکام بنایا جائے گا، پاکستان کے دشمنوں کو اس کی ترقی گوارا نہیں جسے روکنے کیلیے وہ بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دیتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر سمیت آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ کے ساتھ دورہ گوادر کے موقع پر کہی۔ گوادر میں ہوٹل پر حملے، سیکورٹی، دہشت گردی کے محرکات اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جی او سی 33 ڈویژن کے لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا نے حکام کو گوادر میں دہشت گردی کے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں صوبائی وزراء میرضیاء اللہ لانگو اور ظہور احمد بلیدی نے پی سی ہوٹل گوادر کا دورہ کیا۔ انہوں نے دہشت گرد حملے میں 5 شہادتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور صوبے کی ترقی کے خلاف ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ بلوچستان اور گوادر کی ترقی ایک حقیقت ہے جسے کوئی جھٹلا نہیں سکتا ہے ۔ پاکستان کے دشمنوں کو اس کی ترقی گوارا نہیں جسے روکنے کیلیے وہ بلوچستان میں دہشت گردی کو ہوا دیتے ہیں انہوں نے گوادر ہوٹل میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی تکمیل پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفردار تک پہنچانے پر تمام سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔