نااہلی کیس : پی ٹی آئی کے 3ارکان قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو نوٹس

33

اسلام آباد( آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نا اہلی کی درخواست پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب کی نا اہلی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی ۔ جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ملائکہ بخاری اور تاشفین صفدر نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔دوسری جانب رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز بخاری اور کنول شوذب کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل شائستہ پرویز بخاری نے بتایا کہ میڈیا کے ذریعے کیس کا معلوم ہوا، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ پھر ابھی نوٹس وصول کر لیں۔میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ مخصوص سیٹ پر دونوں خواتین رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، مخصوص سیٹ حاصل کرنے کے بعد دہری شہریت واپس کی گئی۔ میاں عبدالروف ایڈووکیٹ کا کہنا تھا درخواست کے فیصلے تک اسمبلی رکنیت معطل کی جائے۔میاں عبدالروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملائکہ بخاری کو دہری شہریت رکھنے، کنول شوذب کو الیکشن کمیشن کو غلط معلومات دینے پر نااہل کیا جائے،62ون ایف کے تحت دونوں ارکان اسمبلی کو نااہل کیا جائے۔عدالت نے ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوذب اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا ،کیسز کی سماعت 2 ہفتے کیلیے ملتوی کر دی۔