چیف جسٹس آصف سعیدکھوسہ 7روزہ دورے پر روس روانہ

25

اسلام آباد( آن لائن )چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 7روزہ سرکاری دورے پر روس روانہ ہو گئے جبکہ ان کی جگہ جسٹس گلزار احمد نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔حلف برداری کی تقریب عدالت عظمیٰ میں منعقد ہوئی۔جسٹس عظمت سعید نے جسٹس گلزار سے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں عدالت عظمیٰ کے جج اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر عدالت عظمیٰ کے سینئر وکلا اور اسٹاف اراکین بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ میں چیف جسٹس سمیت17جج ہیں، جن میں سے8 کو چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کا موقع ملے گا تاہم8 جج یہ اہم ترین عہدہ ملنے سے قبل ہی ریٹائر ہوجائیں گے۔17 جنوری 2019 ء کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریٹائر ہونے کے بعد 18 جنوری کو جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالا تھا اور وہ اسی سال 20 دسمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔ان کے بعد جسٹس گلزار احمد اس عہدے پر فائز ہوں گے اور وہ یکم فروری 2022 ء کوچیف جسٹس کے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے، ان کے بعد 2 فروری کو جسٹس عمر عطا بندیال چیف جسٹس کا منصب سنبھالیں گے اور وہ 16ستمبر 2023ء تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔