الیکشن کمیشن نے سینیٹر سحر کامران کی نااہلی کیخلاف درخواست خارج کر دی

50

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے سینیٹر سحر کامران کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔سینیٹر سحر کامران ذاتی طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور الیکشن کمیشن میں اپنا جواب جمع کرا دیا۔سحر کامران نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے جدہ میں نجی ادارے کے ساتھ ملازمت کی ہے لیکن اس دوران قومی خزانے سے کوئی تنخواہ وصول نہیں کی تاہم کسی نے میرے خلاف درخواست دی کہ جب میں سینیٹر منتخب ہوئی تو جدہ سے بھی تنخواہ لیتی رہی۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر نے کہا کہ انہوں نے جب سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اس وقت تمام حقائق الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر کیے اور کسی قسم کی غلط بیانی نہیں کی تھی۔الیکشن کمیشن نے معاملے کی سماعت کے بعد سحر کامران کے خلاف درخواست خارج کر دی۔