اثاثہ جات کیس‘ علیم خان کے عدالتی ریمانڈمیں 27 مئی تک توسیع

18

لاہور(نمائندہ جسارت ) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں27 مئی تک توسیع کردی۔تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنی کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کوجوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیے کہ آف شورکمپنیوں کا ریکارڈ منگوانے کے لیے یواے ای کوخط لکھا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کمپنیوں کا ریکارڈ آتے ہی ریفرنس دائرکردیا جائے گا جس پروکیل علیم خان نے کہا کہ خط کا جواب25 برسوں میں نہ آئے توپھرکیا بنے گا۔تحریک انصاف کے رہنما کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کے پاس ریفرنس پیش کرنے کے لیے ثبوت نہیں ہیں۔احتساب عدالت نے نیب سے حتمی رپورٹ طلب کرتے ہوئے علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت 27مئی تک ملتوی کردی۔عدالت میں گزشتہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر اور علیم خان کے وکلا نے دلائل پیش کیے۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق تحقیقات کافی حد تک مکمل ہو گئی ہیں۔نیب وکیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما کے خلاف ریفرنس دائرکرنے سے پہلے چیئرمین نیب سے منظوری لی جائے گی۔یاد رہے کہ علیم خان کو 6 فروری کو آمدن سے زائد اثاثے اور آف شور کمپنیاں بنانے کے الزام میں نیب نے گرفتار کیا تھا، نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے صوبائی وزارت کے عہدے سے اپنا استعفا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھجوا دیا تھا۔