چیئرمین ایف بی آر کے اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں، ایس ایم منیر

27

کراچی( اسٹاف رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعٰلی ایس ایم منیر، صدر دانش خان، سینئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) شبّر زیدی کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے سے اجتناب کرنے کے احکامات کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ چیئرمین ایف بی آر کے اصلاحاتی اقدامات سے ادارے کے ساتھ بزنس کمیونٹی کے اعتماد کا رشتہ بھی مضبوط ہوگا۔ سرپرست اعلیٰ کاٹی ایس ایم منیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کو اعزازات سے نوازا ، ہمارا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ ٹیکس ادا کرنے والے صنعتکار اور تاجر ملک کے اصل وی آئی پی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے افسران کو ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے سے اجتناب کرنے کے احکامات لائق تحسین ہیں امید ہے کہ وہ ٹیکس نظام کو کاروبار اور صنعت دوست بنانے کیلئے اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔ کاٹی کے صدر دانش خان نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ چیئرمین ایف بی آر نے ابتدائی طور پر بنیادی مسائل پر بات کرکے سمت کا درست تعین کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ ٹیکس نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جائے، علاوہ ازیں دستاویزی کارروائی کو سادہ اور تیز رفتار بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کو آسانیاں فراہم کی جائیں اور ان کے عزت و وقار کو ملحوظ رکھا جائے تو نہ صرف ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا ۔