گولارچی میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کاروبار ٹھپ معیشت تباہ

49

گولارچی (نمائندہ جسارت) تعلقہ گولارچی میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث کاروبار ٹھپ معیشت تباہ ہوگئی عوام پریشانیوں سے دوچار تعلقہ گولارچی میں حیسکو (واپڈا) کے نااہل و لاپرواہ اہلکاروں کے باعث بجلی کی فراہمی کبھی بھی تسلی بخش نہیں رہی تازہ مثال پیر کے روز ہونے والا بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہے۔ اس قسم کی صورتحال کا سامنا گولارچی کے عوام کو آئے دن کرنا پڑتا ہے۔ 8 سے 12 گھنٹے بجلی کی بندش عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں، باقی مائندہ اوقات میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی اور وولٹیج کی کمی بیشی سے قیمتی الیکٹرونکس سامان جل کر تباہ ہونا بھی یہاں آئے دن کا معمول ہے۔ گھنٹوں بجلی کا غائب رہنا پھر ناقص اور غیر تسلی بخش بجلی کی فراہمی سے یہاں کے تقریباً تمام کاروبار بری طرح متاثر ہورہے ہیں، جس کے باعث علاقہ معاشی طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ گولارچی شہر سے ملحق چک نمبر 26 بچل واٹر، شاہ دھرام، چک نمبر 28 گوٹھ اشرف سموں، راجپوت گوٹھ سمیت درجنوں گاؤں گوٹھوں میں حیسکو کی لاپرواہی نے قیامت ڈھا رکھی ہے جہاں گزشتہ 20 روز سے بجلی کی فراہمی بند ہے اس شدید گرمی اور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بجلی کی ابتر صورتحال سے تعلقے گولارچی کا ہر فرد سخت پریشان اور شدید مشکلات سے دو چار ہے یہاں کے عوام نے حکومت اور حیسکو (واپڈا) کے ارباب اختیار فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔