میرپور خاص، ریڈ کرسینٹ سوسائٹی کی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات

55

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص ریڈ کرسینٹ سوسائٹی کی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات میں بھٹائی اور فرینڈز پینل کے درمیان ہونے والے مقابلے میں بھٹائی پینل نے میدان مار لیا، انتخابات ڈپٹی کمشنر آفس میں اے ڈی سی عطا اللہ شاہ کی نگرانی میں منعقد ہوئے، 194 میں سے 130 ووٹرز نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ میرپور خاص ریڈ کرسینٹ سوسائٹی کی 15 رکنی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات ڈپٹی کمشنر آفس میں اے ڈی سی ون عطا اللہ شاہ کی نگرانی میں منعقد ہوئے جس میں بھٹائی پینل کے 14 اراکین عبدالکریم، اللہ بچایو راجڑ، اظہر عباس، علی مہر، عبدالسلام عارف، فقیر محمد میمن، غضنفر علی خان، جمیل احمد خان، جابر احمد، محمد امین بھٹی، منصور احمد چیمہ، محمد فرقان علی، فرحان قریشی اور زردار علی خان جبکہ فرینڈز پینل کے واحد رئوف آرائیں منیجنگ کمیٹی کے رکن منتخب ہوئے فرینڈز پینل کے واحد کامیابی حاصل کرنے والے کمیٹی کے رکن رئوف آرائیں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گزشتہ 30 سال سے میرپورخاص ریڈ کرسینٹ سوسائٹی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین کا سلیکشن ہوا کرتا تھا اور ایک مخصوص گروہ نے اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی تھی اور اپنے مفاد کے فیصلے کیا کرتے تھے لیکن اس بار باقائدہ الیکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں بھٹائی پینل نے معمولی فرق سے کامیابی حاصل کی اب ہم نے فری اینڈ فیئر الیکشن کی بنیاد رکھ دی ہے آئندہ اگر اس طرح کے انتخابات ہوتے ہیں تو ایک مخصوص گروپ کی اجارہ داری کا خاتمہ ہو جائے گا۔