بلدیاتی عوامی نمائندے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں مصروف ہیں،عابد غوری

31

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) یونین کمیٹی 75 میونسپل کارپوریشن حیدر آباد کے چیئرمین عابد غوری نے کہا ہے کہ منتخب بلدیاتی عوامی نمائندے اپنے منشور کے مطابق شہریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں اور نئے ٹرانسفامرز کی تنصیب سے ماہ رمضان المبارک میں علاقہ مکینوں کو ٹرانسفارمرز جلنے اور تاریں ٹوٹنے جیسے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وہ یونین کمیٹی کے B/2 ایریا میں بجلی کے نئے پولز اور ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے بعد انہیں مبارکباد دینے کے لیے آنے والے علاقہ مکینوں سے گفتگو کررہے تھے۔ عابد غوری نے مزید کہا کہ یوسی 75 یونٹ نمبر 8 لطیف آباد کے B/2 ایریا میں ٹرانسفارمرز کی اشد ضرورت تھی کیونکہ سابقہ ٹرانسفارمرز بوسیدہ ہوچکے تھے اور لوڈ برداشت نہ کرتے ہوئے دھماکے کے ساتھ جل جاتے تھے، جس کی وجہ سے علاقہ مکین کئی روز تک بجلی سے محروم رہتے تھے اور علاقہ مکینوں کی اس پریشانی کے پیش نظر متعلقہ ادارے میں درخواستیں دینے اور اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کرنے سمیت اس کام کی تکمیل کے لیے گزشتہ ایک سال سے مسلسل جدو جہد جاری تھی، تاہم لوگوں کی دعائوں سے ماہ رمضان المبارک کے با برکت مہینے میں دو نئے ٹرانسفامرز نصب کردیے گئے ہیں جبکہ ٹرانسفارمرز کی تنصیب سے قبل بجلی کے سات نئے پولز بھی لگائے گئے ہیں اور اب علاقہ مکینوں کو بجلی کے حوالے سے کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور کافی حد تک بجلی کے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے یوسی چیئرمین عابد غوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ عوامی خدمت سے شرسار عوامی نمائندے ہی کامیابی سے ہمکنار ہوتے ہیں اور دو نئے ٹرانسفارمرزکی تنصیب کو یقینی بنا کر عوامی نمائندگی کا حق ادا کیا اور ہمیں بجلی کے مسئلے سے نجات دلائی جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔