ٹنڈوالہٰیار، ہیلتھ کئیر کمیشن کی اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی

27

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) سندھ میں ایڈز کی بیماری میں تیزی سے اضافے کے بعد سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا سندھ پولیس کی مدد سے بدین میں اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی۔ ضلع بھر میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈائون میں 22 اتائی کلینک 5 میڈیکل اسٹور اور ایک لیبارٹری سیل کی گئی۔ ایس ایس پی بدین حسن سردار نیازی کی ہدایات پر ضلع بھر میں انسانی جانوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ بدین کے ضلع کے تھانہ کھوسکی کے ایس ایچ او تھانہ سب انسپکٹر مولچند مع اسٹاف، ڈاکٹر عبدالجبار ایم ایس ٹنڈو باگو، ڈاکٹر عبدالکریم میمن فوکل پرسن اور ایس ڈی ایم ٹنڈو باگو لیاقت علی لونڈ نے کھوسکی، شادی لارج اور گردونواح میں کریک ڈائون کر کے9 اتائی کلینک گل حسن لونڈ، عبدالخالق انصاری، رانا افضل کیول کولہی، اقبال پنجابی، محمد اسلم لونڈ، عطا حسین احمدانی، عبدالغنی بھٹی، عبدالرسول خاصخیلی کی اتائی کلینک سیل جبکہ مزید کارروائی کے دوران 2 میڈیکل اسٹور کے لائسنس کا میعاد ختم ہونے پر صمد میڈیکل اسٹور اور محمد حیات پٹھان میڈیکل اسٹور جبکہ شادی لارج میں ایک اتائی لیبارٹری کو بھی سیل کردیا گیا، ایس ایچ او تھانہ شہید فاضل راہو انسپکٹر اصغر عالم ہالیپوٹو نے اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار نظامانی اور ایم ایس گولارچی عبدالرشید آرائیں نے شہید فاضل راہو اور گردونواح میں کریک ڈائون کر کے مندرجہ ذیل 13 اتائی کلینک، عبدالعزیز، محمد بخش کلوئی، عرس بروہی، اللہ بخش تالپور، عبدالجبار جتوئی،محمود شیخ، سانون شیخ، لال چند، ناصر انجم، ممتاز میمن، جاوید میمن، غلام قادر میمن، ناصر آرائیں کی کلینک کو سیل کیا، مزید کارروائی کے دوران گولارچی شہر میں 3 میڈیکل اسٹور، گل محمد میمن میڈیکل اسٹور، عبدالعزیز لغاری میڈیکل اسٹور، محمد بخش کلوئی میڈیکل اسٹور کو سیل کردیا گیا۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اتائی ڈاکٹروں کے علاوہ ناقص جعلی غیر معیاری ایکسپائر اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹورز سے لاکھوں روپے ماہانہ وصول کرنے والے ڈرگ انسپکٹر اور محکمہ صحت کے مقامی افسران اور اہلکاروں نے اتائی ڈاکٹروں اور میڈیکل اسٹور کے مالکان کو کارروائی سے قبل آپریشن کی اطلاع دے دی تھی جس کے باعث اتائی ڈاکٹر کارروائی سے قبل ہی فرار ہوگئے تھے جبکہ میڈیکل اسٹور مالکان نے بھی کارروائی کی اطلاع پر غیر معیاری ناقص جعلی اور ایکسپائر ادویات اسٹورز سے غائب کر دیں۔