تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، پیر زمان شاہ

20

کوٹری (نمائندہ جسارت) کوہستان کی روحانی شخصیت اور پی ٹی آئی کے رہنما پیر زمان شاہ جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی چوروں اور لیٹروں کے شور مچانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔عمران خان کا صرف ایک مقصد ہے وہ چوروں اور لیٹروں کا صفایا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیلانی ہائوس کوٹری میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی جب تک نہیں آئی گی جب تک چور اور لیٹروں کو جیل نہیں بھیج دیا جاتا اگر لوٹ کھسوٹ کا بازار اسی طرح چلتا رہتا تو ملک معاشی تباہی کاشکا ر بن جاتا مگر تحریک انصاف کی حکومت کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے وہ اس پر ضرور کام کرے گی اور ملک سے چوروں اور لیٹروں کا صفایا کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ نیب کاروائی کرے تو کہا جاتا ہے انتقامی کارروائی کی جارہی ہے حکومت چلنے نہیں دیں گے کی رٹ لگارہے ہیں مگر ہماری حکومت اپنی مدت پوری کرنے کے بعد وفاق سمیت صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا دھڑن تختہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جامشورو میں پیپلز پارٹی نے عوام کو دھوکا اور جھوٹے وعدوں کے سوائے کچھ نہیں دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے آبائی حلقہ میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور ترقیاتی کاموں کے نام پر اربوں روپے لٹا دیے گئے ہیں۔ ایک ارب روپے کی لاگت سے تیار فلائی اوور چند ماہ میں ہی اکھڑ گیا جس کی ذمے دار سندھ حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں جامشورو اتحاد پھر پور طریقے سے پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گا اور علاقے سے جاگیردار اور سرادری نظام کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جامشورو کے عوام بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔ 30 سال سے برسراقتدار ملک خاندان نے جائیداد بنانے اور زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو نوازا ہے، عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج انہیں یہ دن نہیں دیکھنا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹری سمیت ضلع بھر میں بھر پور طریقے سے عوامی رابطہ مہم شروع کی جارہی ہے۔