پی پی مزدور، ہاری، کسان اور پسماندہ طبقے کی جماعت ہے، عبدالجبار خان

39

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے حتی الامکان کوششیں کررہی ہے، محدود وسائل کے باوجود غریب عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ کیونکہ پیپلزپارٹی غریب مزدور، ہاری، کسان اور پسماندہ طبقے کی جماعت ہے۔ وہ اپنے حلقے پی ایس 64 کی یوسی 92 میں اسٹریٹ لائٹس اور ہینڈ پمپ کی تقسیم کے موقع پر وہاں موجود عوام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین یوسی 92 شبیر سنگراسی، وائس چیئرمین کاشف ناریجو اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ عبدالجبار خان نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم نے اپنے حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، جن سے حلقے کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلاتفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، ہم نے اب تک حلقے میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ اقلیتوں کے علاقوں میں بھی تعمیروترقی کے کام کرائے اور اب اسٹریٹ لائٹس اور ہینڈ پمپس کی تقسیم کے بعد حلقے میں مزید پینے کے پانی اور روشنی کا بندوبست ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آنے والے دنوں میں مزید حلقے میں نہ صرف ترقیاتی کام کرائے گی بلکہ یہاں کے عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار کے حوالے سے خصوصی ترجیحی پروگرام شروع کیا جائیگا۔