حیدرآباد ،انتظامیہ کی منافع خوروں کیخلاف کارروائی 7 افراد گرفتار

87

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مہنگائی پر قابو پانے اور منافع خوری روکنے کے لیے جاری کارروائی کے دوران مزید 7 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ درجنوں افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے متعلقہ افسران کے ہمراہ دادن شاہ روڈ پولیس ہیڈ کوارٹر، سرفراز کالونی مین بازار پٹھان کالونی سمیت کئی بازاروں اور مارکیٹوں کا دورہ کرتے ہوئے اشیا خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ اورڈپٹی کمشنر سید اعجاز علی شاہ کی سرکردگی میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے افسران کی جانب سے رمضان المبارک میں مہنگائی اورمنافع خوری پر قابو پانے کے لیے ضلع بھر میں افسران کی جانب سے کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی نے دادن شاہ روڈ، پولیس ہیڈ کوارٹر کے اراضی لگنے والے عارضی بازاروں، سرفراز کالونی مین بازار، پٹھان کالونی، مارکیٹ ٹاور سمیت کئی بازاروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منافع خوری اور سرکاری مقرر کردہ ریٹ سے زائد قیمتوں میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ تین درجن سے زائد افراد پر ہزاروں روپے جرمانے کیے گئے۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے فروٹ، سبزیوں، دودھ، گوشت اور اجناس قیمتوں کا جائزہ لیا اور سرکاری لسٹیں آویزاں کرائی۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے افسران کی موجودگی میں خریداری کی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فراز احمد صدیقی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے، جس سے تقریباً ضلع بھر کے تمام بازاروں میں سرکاری مقررکردہ ریٹوں کی لسٹیں موجود ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ منافع خوری میں ملوث افراد کی نشاہدہی کریں اور اشیا خورونوش اوردیگر اشیا سرکاری مقرر کردہ ریٹوں کے مطابق خریدیں۔ اس موقع پر پرائس کنٹرول، مارکیٹ کمیٹی کے افسران اور مختار کار سٹی، یوٹی سعید احمد وپولیس کی بھاری نفری بھی موجود رہی۔