مہنگائی نے عوام کاجینامحال کردیا‘ وفاق ہوش کے ناخن لے ‘وقار مہدی

66

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے،غریب عوام کو اتنا دیوار سے نہ لگایا جائے کہ ان کی قوت برداشت جواب دے جائے۔ موجودہ حالات میں عوام وفاقی حکومت سے بیزار ہو چکی ہے مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ترقی کے دعوے داروں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں مزید مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کیا۔ وقار مہدی نے کہا کہ حکومت نان ایشو پیدا کرکے اپوزیشن کو دبانا چاہتی ہے لیکن یہ انکی بھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر رکھا ہے جبکہ ہر ماہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام خود کشیاں کرنے پر مجبور ہوتے جارہے ہیں ،اس پر یہ بات بڑی عجیب ہے کہ عمران نیازی قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ عوام گھبرائیں نہیں جبکہ حکومت کے کارناموں سے غریب عوام کی چیخیں عمران نیازی کے کانوں تک نہیں پہنچ رہی ہیں۔