گورنرسندھ سے ڈی جی آڈٹ لوکل کونسل کی ملاقات‘رپورٹ پیش

47

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل سے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ لوکل کونسل سندھ جاوید ضیا نے گورنرہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ادارہ کی کارکردگی ، مالی معاملات میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل نے گورنرسندھ کو پرفارمنس آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت کی کہ اداروں میں شفافیت بہر صورت یقینی بنائی جائے موجودہ حکومت ترقیاتی منصوبوں میں مالی بے ضابطگیاں کسی صورت برداشت نہیں کرسکتی۔گورنرسندھ نے کہا کہ سرکاری فنڈز قوم کی امانت ہیں جن کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ، موجودہ حکومت قوم کی امانت کو ا ن کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر خرچ اور اس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اس ضمن میں مالی بے ضابطگیوں ، خیانت ، اختیارات کے غلط استعمال اور دیگر بے جا اخراجات کی روک تھام سے عوام کی امانت کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے ، سندھ آڈٹ کا محکمہ مالی بے ضابطگیوں کی روک تھام اوراختیارات کے غلط استعمال کی روک تھام میں اہم ثابت ہورہا ہے۔ ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل جاوید ضیانے کہا کہ اداروں میں ترقیاتی فنڈز ، مالیاتی نظام اور کارکردگی پر کڑی نگرانی رکھی جارہی ہے۔