مہنگائی نے سندھ حکومت کوتماچادے مارا‘خرم شیرزمان

60

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے شہید بے نظیر بھٹو پارک کی ابتر صورتحال پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس پار ک کے حالات کو دیکھ کے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ پورے صوبے کا کیا حال ہوگا۔ امیر ترین علاقے کلفٹن میں پارک کا یہ حال ہے تو باقی علاقوں میں کیا ہوگا۔ پی پی نے اپنی شہید لیڈر کے نام کے پارک کی بھی دیکھ بھال نہیں کی۔ یاد رہے کہ یہ شہید بھٹو پارک بلاول ہاؤس چورنگی کے بالکل سامنے ہیں۔ سندھ حکومت سے کوئی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ صوبے کی عوام کے پاس نہ تو پینے کا پانی ہے نہ اسپتالوں کے اندر علاج ہے۔ سندھ میں اسکول استاد اور بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ حکومت سندھ نے کام کے بجائے صرف کرپشن پر زور دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ رمضان المبارک کے مہینے میں مہنگائی کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ کمشنر کراچی کی پرائس لسٹ کے مطابق مارکیٹ میں کہیں اشیاء فروخت نہیں کی جارہی۔ کمشنر کراچی سے ملاقات میں انہوں نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کو روکا جائے گا لیکن افسوس کی بات ہے کہ اس وعدے پر آج تک عمل نہیں ہوا۔ میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں اس وقت نہ بچت بازار نظر آرہے ہیں اور نہ ہی سستی شیا خوردونوش جو کہ حکومت سندھ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مارکیٹ میں گراں فروشوں کا کہنا ہے کہ ہول سیل مارکیٹ کی قیمتوں میں کمی نہیں تو ہم کیسے سستی چیزیں فروخت کریں۔ کمشنر کراچی اور حکومت سندھ نے کیوں اس مافیا کے خلاف آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔مہنگائی مافیا نے مہنگائی کر کے حکومت سندھ کے منہ پر تماچا مارا ہے۔