بینظیر پارک میں توڑ پھوڑ کیس بلدیہ کے 3 افسران بری

12

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) عدالت نے ادارہ ترقیات کراچی کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تین افسران و دیگر کے خلاف شہید بے نظیر بھٹو پارک میں توڑ پھوڑ اور سرکاری ملازمین کو ہراساں کرنے کے الزام پر درج مقدمہ خارج کرکے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کو بری کردیا، تفصیلات کے مطابق کے ڈی اے کے افسر اخلاق احمد نے تھانہ بوٹ بیسن کلفٹن میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات نذیرلاکھانی، ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس ندیم احمد اور لیاقت قائم خانی سمیت نامعلوم افرادکے خلاف بذریعہ ایف آئی آر نمبر225/2017 زیردفعہ 504/149/148/147 اور 1407 سی پی سی مقدمہ 3671-2017 درج کرایا تھا جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ ان افسران و دیگر نامعلوم افراد نے شہید بے نظیر بھٹو پارک میں داخل ہو کر پارک میں توڑ پھوڑ کی اور ملازمین کو ہراساں کیا اوران پر تشدد کیا تاہم عائد کیے گئے الزامات ثابت نہ ہونے پر سیشن عدالت نے اس مقدمہ کو خارج کرکے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام افسران کو باعزت بری کردیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اس مقدمہ کی پیروی ارشاد علی بندھانی ایڈووکیٹ نے کی تھی۔