فلسطینیوں پراسرائیلی مظالم افسوس ناک ہیں،تنظیم اسلامی

29

کراچی(پ ر)غزہ میں محصور فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و ستم انتہائی قابل مذمت ہے۔ یہ بات امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ صرف مئی کے مہینے میں صیہونی ریاست نے ائیرسٹرائیکس اور سنائپر فائرنگ کے ذریعے 30سے زائد فلسطینی شہید کر دیے ہیں۔ مغربی قوتوں اور عالمی تنظیموں کی اسرائیلی جنگی جرائم پر خاموشی قابل فہم ہے کیونکہ وہ اسرائیل کی بہی خواہ اور مسلمانوں کی دشمن ہیں، لیکن افسوس مسلمان ممالک کے حکمرانوں اور عوام کی بے حسی پر ہے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی شہادتوں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کا ایک لفظ کہنے سے بھی قاصر ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران یہودیوں اور مغربی اقوام کی غلامی سے نکلیں اور آپس میں اتحاد و اتفاق بڑھا کر عالم اسلام کے خلاف ان سازشوں کا مقابلہ کریں۔ آسیہ بی بی کی پاکستان بدری کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان پر کہ وہ خیروعافیت سے اپنے خاندان کے ساتھ کینیڈا پہنچ چکی ہے ‘ تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے بیان سے ایسا لگتا ہے کہ جیسے وہ صلیبی جنگ میں اپنا کوئی اہم مشن پورا کر کے لوٹی ہے۔