آئی ایم ایف نے پاکستان کی ابتر معاشی صورت حال کا ذمے دار (ن) لیگ کو ٹھہرادیا

41

اسلام آباد(آن لائن+اے پی پی)وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اعلامیے میں (ن) لیگ کی ناقص پالیسیوں کی نشاندہی کی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ا یم ایف نے (ن) لیگ کی معاشی پالیسیوں پر فرد جرم عاید کر دی ہے کیونکہ آئی ایم ایف اعلامیے میں لیگی دور کی معاشی پالیسیوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو آج جس معاشی صورت حال کا سامنا ہے اس کی ذمے دار (ن) لیگ ہے۔علاوہ ازیں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے حزب اختلاف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی معاشی حماقتوں سے پردہ اٹھا دیا، روز اول سے کہتے آئے ہیں کہ دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے مفاد کے لیے آئندہ نسلوں کو قرض کی دلدل میں جکڑا۔ پیر کو پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ پریس ریلیز نے تحریک انصاف کے مؤقف کی تصدیق کر دی، حزب اختلاف آئی ایم ایف کی پریس ریلیز میں اپنی حکومتوں کے چہرے دیکھے، آئی ایم ایف کے بیان نے ثابت کردیا کہ دونوں جماعتوں نے مل کر پاکستانی معیشت کو تباہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل نشاندہی کی کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے جان بوجھ کر معاشی اصلاحات سے گریز کیا، آئی ایم ایف بھی کہنے پر مجبور ہے کہ پاکستان کو نہایت کٹھن معاشی صورتحال کا سامنا ہے، آئی ایم ایف نے تسلیم کیا کہ گزشتہ حکومتوں کی ناہموار پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی سست روی کی شکار ہے، آئی ایم ایف نے اعتراف کیا کہ حالیہ برسوں کے ناقص معاشی فیصلوں کے باعث افراطِ زر بلند، قرض نہایت زیادہ اور بیرونی صورتحال بے حد کمزور ہے۔