لاہور: سڑک کنارے پھینکی گئی نوزائیدہ بچی انتقال کر گئی

105

لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں سڑک کنارے پھینکے جانے والی تین دن کی لاوارث بچی اسپتال میں انتقال کرگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو نامعلوم افراد نوزائیدہ بچی کو سڑک کنارے چھوڑ کر فرار ہوگئے تھے جس کے بعد قریب کھیلتے بچوں نے علاقہ مکینوں کو بچی کی موجودگی کی اطلاع دی تھی۔ اہل علاقہ نے بچی کو سڑک سے اٹھا کر پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق سانس لینے میں مشکلات کی وجہ سے بچی کو لاہور جنرل اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ قبل از پیدائش کی وجہ سے بچی میں چیسٹ انفیکشن کی تشخیص ہوئی تھی۔ اگر بچی کو بروقت اسپتال لایا جاتا تو انکوبیٹر میں رکھنے سے اس کی زندگی بچائی جاسکتی تھی ۔ 
کوٹ لکھپت پولیس اسٹیشن انچارج کا کہنا ہے کہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ نمبر 329 کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔