وزیراعلیٰ پختونخواہ کی بی آر ٹی منصوبہ جلد مکمل کرنے کی ہدایت

47
پشاور:وزیراعلیٰ پختونخوامحمود خان کو بس ریپڈمنصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی جارہی ہے
پشاور:وزیراعلیٰ پختونخوامحمود خان کو بس ریپڈمنصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی جارہی ہے

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ بی آر ٹی کی ٹائم لائن کے اندرتکمیل ممکن بنانے کے لیے ڈبل شفٹوں میں کام شروع کیا جائے۔ انہوںنے کنٹریکٹرز کے پیمنٹ اور دیگر مسائل کو بھی حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی پر ڈبل شفٹ میں کام کرنے کو یقینی بنانے کیلیے ایس ایس یو کے ہیڈ صاحبزادہ سعید کو نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں بی آر ٹی منصوبے پر جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ کنٹریکٹرز نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جبکہ ڈی جی پی ڈی اے نے بی آر ٹی پر کام کی پیشرفت اور اْس کی تکمیل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کنٹریکٹرز کے مسائل غور سے سنے اور اْن کی حل کی یقینی دہانی بھی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی آر ٹی کی معیار اور بروقت تکمیل پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور کے تمام فیچرز کی مطلوبہ معیار کی مطابق کی تیزرفتار تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا اور شہریوں کو بہترین سفری سہولت دینا صوبائی حکومت کا ہدف ہے۔ اجلاس کو بی آر ٹی کے تینو ں ریچز خصوصاً بس اسٹیشنز، بس ڈپوز اور فیڈر روٹس وغیرہ پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی سے عوام کی بڑی توقعات وابستہ ہیں ، اس لیے منصوبے کے تحت تمام سہولیات مطلوبہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو آپس میں کوآرڈینیشن کے ذریعے تیز رفتار کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کی معیاری تکمیل یقینی ہو سکے۔ انہوں نے خصوصی طور پر نکاسی آب کے نظام پر توجہ دینے جبکہ مخلوط ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مزید اقدامات کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔