وزیر اعظم نیوزی لینڈکا لیاقت بلوچ کو جوابی خط،ہمدردی پر اظہار تشکر

101
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ حلقہ پی پی 160میںافطار ڈنر سے خطا ب کررہے ہیں
لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ حلقہ پی پی 160میںافطار ڈنر سے خطا ب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کو وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن کو لکھے گئے خط کا جواب موصول ہواہے جس میں جیسنڈا نے کرائسٹ چرچ کے سانحے پر ہمدردی اور یکجہتی پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیراعظم نیوز ی لینڈ نے تحریر کیاہے کہ غم اور دہشت گردی کی المناک گھڑی میں حمایت اور ہمدردی سے نیوز ی لینڈ کے عوام کو بڑا حوصلہ ملاہے ۔ آپ جیسے ہزاروں افراد نے براہ راست اس سانحے پر ہمدردی کا اظہار کیاہے جس پرمیں شکر گزار ہوں ۔ علاوہ ازیں لیاقت بلوچ نے شاہ کمال میں فہم قرآن کلاس اور اچھرہ میں اسلامی جمعیت طلبہ کے افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کا مسلسل شکار ہے لیکن کنفیوزڈ پالیسی کی وجہ سے پوری قوم کو کنفیوژن کا شکار کردیاگیاہے جبکہ جرأت مند ، مدبرانہ پالیسی کے ساتھ پوری قوم کو جسد واحد بنایا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکمران مساجد ، مدارس ، دینی تعلیمات پر سیکولر ، مذہب بے زار حکمت عملی ترک کریں اور پاکستان و اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے مسلط کردہ دہشت گردی اور انتہا پسندی ، عدم برداشت کے لیے نیا بیانیہ اور قومی لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان کی عبادات میں نوجوانوں کا نمازوں کے لیے مساجد اور قرآن سننے کے لیے تراویح میں بڑی تعداد میں آنا اسلامی پاکستان کا اعلان ہے ۔ نوجوان اسلام اور پاکستان سے والہانہ عشق رکھتے ہیں ۔