سعودی عرب: تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر کارکن تقسیم کا شکار

52

..

 

سعودی عرب میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور سابق عہدیداروں کی جانب سے پارٹی کا 23واں یوم تاسیس جوش و جذبے سے منا یاگیا۔ دارالحکومت ریاض اورجدہ سمیت کئی شہروں میں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ خواتین ونگ کی کا علیحدہ اہتمام کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی (ویسٹرن ریجن) کی تنظیمی باڈیاں ختم ہونے کی وجہ سے کارکن تقسیم نظرآئے، جس کی وجہ سے یوم تاسیس کے سلسلے میں جدہ میں الگ الگ 3 تقریبات منعقد ہوئی۔ ایک گروپ کی قیادت ذوالقرنین علی خان، شہباز بھٹی وغیرہ نے کی جبکہ دوسرے گروپ کی قیادت فرخ رشید، عقیل آرائیں اور تیسرے گروپ انصافینزکی قیادت قاضی الیاس، خواجہ عماد نے کی۔ مقامی ذرائع کے مطابق پارٹی میں اس طرح کی گروہ بندی کی وجہ سے کارکن مایوسی کا شکار دکھائی دیے۔سابق مڈل ایسٹ کوآرڈینیٹر اور چیئرمین یوٹیلیٹی اسٹور ذو ا لقرنین علی خان گروپ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے عدنان فاروقی، شہباز بھٹی، مفتی اظہر بٹ، افضل عباس، ملک امجد، عجب خان اور دیگر نے خطاب کیا۔
جدہ ہی میں دوسرے گروپ کی جانب سے منعقد کی گی تقریب سے سابق وفاقی وزیر چودھری شہباز، ڈاکٹر راشد علی، فرخ رشید، عقیل آرائیں، چودھری ظہیر اور جمیع اللہ خان نے خطاب کیا ۔
جدہ میں پارٹی کے تیسرے گروپ انصافینز کی تقریب کی قیادت قاضی الیاس اورخواجہ عماد نے کی، جس سے جبران زمان، نذیر چغتائی، حمید رمدانی، نبیل رضا، شعیب الطاف، ملک ریان، اکرام اللہ اور دیگر نے خطاب کیا۔
مختلف تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے پارٹی قیادت کی کاوشوں اور وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، شرکا کا کہنا تھا کہ اس وقت ملکی معاشی حالات خراب ضرور ہیں تاہم عمران خان ہی وہ واحد رہنما ہیں جو ملک کو اس بحران سے نکال سکتے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں اور سابق عہدے داروں نے یوم تاسیس جوش وجذبے سے منایا۔مفتی محمد عزیز، ارسلان سنی، سید وسیم، واجد،ا ختر علی رانا ، رانا غلام دستگیر اور طائف سے ڈاکٹر محمد زمان اور حافظ صداقت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کے ہم اپنے رہنما پر مکمل اعتماد کرتے ہیں جو چوروں لیٹروں کو جیل میں ڈال رہے ہیں۔
مدینہ منورہ میں یوم تاسیس کی تقریب کی قیادت امتیاز احمد چودھری نے کی جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔ پروگرام سے افضل عباس، گلزار احمد، زاہد شریف، الیاس رحیم اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان کرپشن سے پاک معاشرہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور غریب عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
سعودی دارالحکومت ریاض یوم تاسیس کی تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان راجا علی اعجاز تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے نظریات مختلف ہو سکتے ہیں لیکن سب کا اصل مقصد پاکستان کی خدمت کرنا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سمندر پار پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے محنت کررہے ہیں۔
ریاض میں تحریک انصاف کے خواتین ونگ کی جانب سے یوم تاسیس بھر پور انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی 23سالہ جدوجہد میں بے شمار ایسے موڑ آئے جہاں لوگوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا مگر عمران خان کے عزم نے ثابت کیا کہ انہیں پاکستان اور عوام سے محبت ہے اور وہ قوم کے درد کو اپنا درد سمجھتے ہیں۔ تقریب سے خواتین ونگ کی انچارج بازغہ روحیل، ڈاکٹر سمیعہ منظور، ارج ملک، غوثیہ جاسم، تصدیق گیلانی، تسنیم امجداور دیگر نے خطاب کیا۔ تقاریب کے آخر میں پارٹی کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔