مسائل کی جڑ سامراجی نظام امریکا اور اسرائیل ہیں،فلسطین فائونڈیشن

117
جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن کے تحت پریس کانفرنس کر رہے ہیں
جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز پریس کلب میں فلسطین فاؤنڈیشن کے تحت پریس کانفرنس کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) فلسطین کا مسئلہ دنیا کے تمام مسائل میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل اور پہلا مسئلہ ہے۔ دنیا بھر میں مسائل کی جڑ سامراجی نظام اور شیطان بزرگ امریکا اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کا ناپاک وجود ہے۔ان خیالات کا اظہارفلسطین فائونڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے اراکین بشمول متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان ،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی،مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر مولانا باقر زیدی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما پیرزاد ہ ازہر علی شاہ ہمدانی، جمعیت علما پاکستان سندھ کے صدر علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، آل پاکستان سنی تحریک کے صدر صدیق قادری، جعفریہ الائنس پاکستان کے سیدشبر رضا اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کراچی پریس کلب میں فلسطین پر صیہونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے قیام کے اکہتر سال مکمل ہونے کی مناسبت سے یوم نکبہ کے عنوان سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ عالمی استعمار کی سربراہی میں 15مئی 1948ء کو صیہونیوں نے فلسطین پر جعلی ریاست اسرائیل قائم کی تھی اس دن کو فلسطینی عوام یوم نکبہ یعنی تباہی و بربادی کا دن کے عنوان سے یاد کرتے ہیں۔مقررین کاکہنا تھا کہ ماہ رمضان المبارک اور مئی کے مہینہ کی مناسبت سے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین کے عنوان سے مہم بعنوان ’’علی طریق القدس‘‘ یعنی ’’القدس کی آزادی کے راستے پر گامزن‘‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد فلسطینی عوام کے حق واپسی عالمی تحریک کی مکمل حمایت کرنا ہے۔قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی جد وجہد اور اس مناسبت سے جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس پر دنیا بھر میں القدس کی آزادی کی جد وجہد تیز کرنا اور اس کی حمایت کرنا ہے۔’’علی طریق القدس‘‘ کے عنوان سے ملک بھر میں منعقد کیے جانے والے پروگراموں میں 19مئی بروز اتوار کو کراچی میں مقامی ہوٹل میں ’’القدس کانفرنس‘‘ کا انعقاد اور کوئٹہ میں22 رمضان المبارک کو گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ لاہو ر،ملتان، حیدر آباد او ر سکھر میں آل پارٹیز پر یس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کی مناسبت سے 24اور 25رمضان المبارک کو ایم اے جناح روڈ پر دو روزہ تصویری نمائش بعنوان آزادی فلسطین و القدس لگائی جائے گی۔انہوں نے میڈیا مالکان اور ذرائع ابلاغ کی بااثر شخصیات سے اپیل کی کہ وہ فلسطین پر صیہونیوں کی جعلی ریاست کے قیام ’’یوم نکبہ‘‘ اور قبلہ اول کی بازیابی کی عالمی تحریک بالخصوص جمعۃ الوداع ’’عالمی یوم القدس‘‘ کی مناسبت سے خصوصی نشریات کا آغاز کریں۔انہوں نے ملک بھرمیں موجود علما ، خطبا اورائمہ جمعہ سے اپیل کی ہے کہ جمعہ ناز کے اجتماعات میں فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع کی بات کریں اور یوم القدس کے روز پاکستان بھر کی سڑکوں پر فلسطین کی آزادی کے نعرے گونج اٹھیں جبکہ امریکا مردہ باد اور اسرائیل نامنظور کی صدائوں سے امریکی و صیہونی ایوان لرزہ براندام ہوجائیں۔