قرآن سے تعلق کمزور ہونے کے باعث دشمن حاوی ہورہا ہے،معراج الہدیٰ صدیقی

50
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی کورنگی لیبر اسکوائرمیں دعوت افطار سے خطاب کررہے ہیں
جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرڈاکٹر معراج الہدٰی صدیقی کورنگی لیبر اسکوائرمیں دعوت افطار سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ۔رمضان کا مہینہ کو نئی زندگی اور شان وشوکت فراہم کرتا ہے ۔ روزہ رب سے وفا داری کا نام ہے ۔رمضان کی رحمتوں برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے ۔والدین کی خدمت اور اطاعت کر کے ہی جنت کے حق دار بن سکتے ہیں ۔قرآن کو اطاقوں میں سجانے کے بجائے اس پر عمل کیا جائے اور قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی علاقہ کورنگی وسطی کے تحت لیبر اسکوائر کورنگی میں عوامی دعوت افطار کے پروگرام سے خطاب میں کہی ۔اس موقع پر ناظم علاقہ کورنگی وسطی محمد شعیب صدیقی نے بھی خطاب کیا ۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کرمضان المبارک کا رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ آج پھر سایہ فگن ہے ہمیں اس کے ایک ایک لمحے کا فائدہ اٹھانا ہے ۔رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے ۔قرآن سے تعلق کو ہمیں مضبوط کرنا ہوگا ۔مسلمانوں کا قرآن سے تعلق کمزور ہوگیا ہے جس کی وجہ سے اسلام دشمن قوتیں ان پر حاوی ہو رہی ہیں ۔رمضان خیروبرکت تقوی اور رشدوہدایت کا مہینہ ہے ۔اس کے ایام بھی مبارک اور راتیں بھی بڑی فضیلت وبرکت والی ہیں ۔روزہ صبر ایمان اور تقویٰ کا روشن مینارہ ہے اور نفس کی گندگیوں کو ختم کرتا ہے یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور ایک نیکی کا اجر ستر گنا بڑھ کر ملتا ہے ۔رمضان کا مہینہ جدوجہد اورقوت واجتہاد کا مہینہ ہے ۔امت مسلمہ اپنے علم وعمل اور حکمت وتدبر سے اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں ۔کفر کی قوتیں مسلمانوں کے باہمی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں اور انہیںتفرقہ ،تعصب اور نفرت کی دلدل میں دکھیلنے کی سازش کی جارہی ہے۔روزہ گناہوں کے سامنے ڈھال کا کام کرتا ہے اوراللہ کو روزے دار کے منہ کی بو مشک سے زیادہ پسند ہے ۔ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے ۔روزہ دارریان دروازے سے جنت میں داخل ہونگے ۔نوجوان قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد میں شامل ہوکر پاکستان میں مدینے والا نظام عملی طور پر نافذ کریں۔