یہ حکومت کا پہلا اور آخری قرض ہوگا، وزیر اطلاعات پنجاب

116

پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے کہا ہے کہ امید ہے یہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا اور آخری قرض ہوگا، اور پہلی بار غیر ملکی رقوم لوٹ مار کے لیے استعمال نہیں ہوں گی۔

گزشتہ روز پاکستان کا آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پا جانے کے معاملے پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید کے مصداق معیشت میں بہتری لائی جائے گی۔

صمصام بخاری نے کہا کہ عالمی اداروں کا ہماری حکومت پر اعتماد مثبت قدم ہے، ہم حقائق سامنے لائے ہیں، مصنوعی اعداد و شمار سے کسی کو گمراہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، وسیع تر ملکی مفاد میں یہ کڑوی گولی نگل رہے ہیں۔

ان مزید کہنا ہے کہ معیشت کی مضبوطی کئی ملکی مسائل کا حل ہوگی، صورت حال سے نمٹنے کے لیے عوام بھی حصہ ڈالیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے پاکستان کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت پاکستان کو 3 سال میں 6 ارب ڈالر ملیں گے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی توثیق کے بعد آئی ایم ایف کی ٹیم اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونے والے اس معاہدے پر عمل درآمد ہو گا۔