ترقیاتی بجٹ کا ایک روپے بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے، لیاقت شاہوانی

62

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ شیخ زید اسپتال کوئٹہ میں بلوچستان کا پہلا کینسر اسپتال بنایا جائے گا، صوبائی حکومت کرپشن سے متعلق زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، ترقیاتی بجٹ کا ایک روپے بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ آئندہ صوبائی بجٹ میں ہر ضلع میں میگا پروجیکٹس تشکیل دیے جائیں گے، صوبائی بجٹ میں چند محکموں کے لیے نہیں بلکہ 28 محکموں کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے 48 ارب روپے کی 2500 جعلی و انفرادی نوعیت کی اسکیموں کا سراغ لگا لیا ہے، موجودہ صوبائی حکومت کرپشن سے متعلق زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ماضی کی تمام حکومتوں سے زیادہ جاری منصوبوں کے لیے پچاسی فیصد فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ لیاقت شاہوانی نے کہا کہ حکومت نے اٹھارہ ہزار اسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع کیا ہے، جلد مزید پانچ ہزار اسامیاں مشتہر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس ترقیاتی منصوبوں کے لیے 39 ارب روپے دستیاب تھے، جن میں سے 32 ارب روپے جاری کردیے گئے، جن سے 336 اسکیمیں جلد پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گی۔ لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ترقیاتی بجٹ کا ایک روپے بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ بلوچستان ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد سوا پانچ ارب روپے آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں جاری کردیے جائیں گے جبکہ آٹھ ہزار شیلٹر لیس اسکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریں گے۔