کاروباری برادری کے مسائل کے حل کرانے کا عزم کر رکھا ہے، ایس ایم منیر

124
ایس ایم منیرسے ملاقات کے موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر سیدمظہر علی ناصر اور سابق نائب صدر شبنم ظفر کا فوٹو
ایس ایم منیرسے ملاقات کے موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئرنائب صدر سیدمظہر علی ناصر اور سابق نائب صدر شبنم ظفر کا فوٹو

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہاہے کہ ایف پی سی سی آئی نے ملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرانے کا عزم کررکھا ہے اور گزشتہ 5انتخابات میں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے کامیاب ہونے والے فیڈریشن کے عہدیداران نے مسائل حکومت تک پہنچا کر انہیں حل کرانے کی بھرپور جدوجہدکی ہے اور مجھے اور ہمارے چیئرمین افتخار علی ملک کو اپنی پوری ٹیم پر ناز ہے۔انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے تاجرنمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ تاجر، صنعتکاراورایکسپورٹرز ملک کا سرمایہ ہیں اورمشکل ترین حالات میں بھی کاروبار جاری رکھتے ہوئے جہاد کررہے ہیں،انہیںاچھے دنوں کا انتظارہے ، اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ فیڈریشن چیمبر آف کامرس مضبوط ہاتھوں میں رہے تاکہ فیڈریشن کا اثاثہ محفوظ رہے،فیڈریشن کا حکومت کے ساتھ بہترین لائژن ہے،عمران خان ایماندار شخص ہیں کیونکہ شوکت خانم ہسپتال کی وجہ سے میری ان سے پرانی وابستگی ہے اور مجھے بخوبی علم ہے کہ انہوں نے پیسے کا غلط استعمال نہیں کیا اوروہ ملک کے معاشی حالات بھی مستحکم بنا کر دم لیں گے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ میں حال ہی میں کینیڈا اور امریکا کے دورے سے واپس آیا ہوں اور وہاں رہنے والے پاکستانیز ملک کو مضبوط اور خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں،کینیڈا،امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیز ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان سے باہر آباد پاکستانی دوسرے ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بڑھانے میں بھی مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔