جیش محمد اور جماعت الدعوہ سے تعاون کرنے والی تنظیموں پر پابندی عائد

191

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو مزید تیز کرتے ہوئے کالعدم جماعتوں کی معاون تنظیموں پر بھی پابندی عائد کردی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کالعدم جیش محمد ، جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن سے منسلک 11 تنظیموں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

پابندی لگنے والی ذیلی تنظیموں میں میں الانفال ٹرسٹ لاہور، ادارہ خدمت خلق لاہور، الدعوۃ الارشاد، الحمد ٹرسٹ لاہور فیصل آباد، الفضل فاؤنڈیشن/ٹرسٹ لاہور، موسک اینڈ ویلفیر ٹرسٹ لاہور، المدینہ فاؤنڈیشن لاہور، معاذ بن جبل ایجوکیشن ٹرسٹ لاہور، الایثار فاؤنڈیشن لاہور، الرحمت ٹرسٹ اور گنیازیشن بہاولپور، الفرقان ٹرسٹ کراچی شامل ہیں۔

ان تنظیموں پر جماعت الدعوہ، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جیش محمد سے تعلق اور معاونت کا الزام ہے۔

رواں سال فروری میں حکومت پاکستان نے جماعت الدعوة اور اس سے منسلک تنظیم فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کی تھی جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے رواں ماہ کالعدم تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔