آئی ایم ایف کے تنخواہ داروںنے کارستانیاںشروع کردیں

30

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمن سواتی نے حکومت کی جانب سے پاکستان اسٹیل کو نج کاری کی بھینٹ چڑھائے جانے کے فیصلے کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے لے پالک مشیروں کی کارستانیاں قوم کے سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں ۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اپنے آقاؤں کو خوش کرنے اور ان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہماری آزادی اور خود مختاری کا سودا کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے سابق وزیر خزانہ اسد عمر اورایکسپرٹ گروپ نے بھی پاکستان اسٹیل کی نج کاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسٹیل مل کو نج کاری کی فہرست سے نکال دیا تھا لیکن آئی ایم ایف کے نامزد کردہ مشیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت میں ریڈھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے قومی اثاثے کو نج کاری کی بھینٹ چڑھا نے کا فیصلہ کر کے ہماری آزادی پر کاری ضرب لگائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن کسی قیمت پر اسٹیل مل کی نج کاری کے فیصلے کو قبول نہیں کرے گی اور پوری قوت کے ساتھ ملک بھر میں اور پارلیمنٹ کے سامنے بھی احتجاج بلند کیا جائے گا،اس سلسلے میں ملک بھر کی تمام سیاسی مذہبی جماعتوں سے بھی مشاورت اور رہنمائی حاصل کی جائے گی ۔