تاجروں اور شہریوں کو سیپکو کا عملہ تنگ کررہا ہے، دھنی بخش میمن

97

شکارپور (نمائندہ جسارت) شکارپور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز شکارپور کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت الحاج دھنی بخش میمن کے چیمبر آفس میں ہوا۔ اجلاس میں سیپکو کیخلاف قرارداد پاس کرکے سیپکو کیخلاف مہم چلانے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی دھنی بخش میمن نے کہا کہ ہم نے سیپکو چیف سکھر کو ایک لیٹرکے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ شکارپور کی تاجر برادری کے ساتھ سیپکو شکارپور کی زیادتیاں بڑھ گئی ہیں، دن میں 12 سے 14 گھنٹے سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور اضافی بل بھی بھیجے جارہے ہیں، جبکہ اضافی بل بھی بھیجے جارہے ہیں اور غیر قانونی طریقے سے تاجروں اور شہریوں کو سیپکو کا عملہ تنگ کررہا ہے۔ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تاجر اور شہری مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیپکو چیف سکھر کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم تاجر برادری اور شہر کے عوام کے جائز مسائل حل کرکے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی کے اضافی بل بھیجنا بند کیے جائیں۔ بصورت دیگر ہم سیپکو کیخلاف شکارپور چیمبرز آف کامرس کے پلیٹ فارم سے احتجاجی مہم چلائیں گے۔