حکمرانوں نے اقبال کے شاہینوں کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا،ڈاکٹڑ طارق سلیم

45

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ حکمرانوں نے 22کروڑاقبال کے شاہینوں کوآئی ایم ایف اورعالمی استعمارکا غلام بنادیا ہے اپنے اخراجات کنٹرول کرکے ملکی سرمایہ کارپراعتماد کے بجائے عالمی ساہو کاروں سے قرضے لینا اوراپنی تمام ترپالیسیاں ان کے حکم پربناناملکی تباہی کے سوا کچھ نہیں، تحریک انصاف کے پاس عوامی مسائل کے حل اورملکی معیشت کوسہارادینے کا کوئی پلان نہیں ،ملکی معیشت تباہ کرنے والوں کووزارتیں دی جارہی ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی پی پی 15کی تربیت گاہ اورالخدمت آرفن چیرٹی ڈنرکی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ میں صوبائی ناظم شعبہ فہم دین محمدضیغم مغیر ہ ،عمران شفیق ایڈووکیٹ،امیرزون نعیم ارشدسمیت دیگررہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پرصوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان ، ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ظفریاسین، زونل جنرل سیکرٹری راجا تجمل حسین ،مولانا عبدالرحیم بابرسمیت دیگرذمے داران سمیت کارکنان شریک تھے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان طارق بن زیادہ کی سنت زندہ کرتے ہوئے اپنی کشتیاں جلا کرنظام مصطفی ﷺکے قیام کی جدوجہد کوتیزترکریں باطل قوتوں کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اورپاکستان کی نظریاتی ریاست میں اسلامی نظام کے قیام کے خواب کوبہت جلد تعبیرملے گی ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے پاس جب دلائل ختم ہوجائیں توو ہ مخالفین کے خلاف دیدہ اورنادیدہ طاقت استعمال کرتے ہیں لیکن اللہ کی راہ میں جدوجہد کرنے والوں کیلیے آگ بھی ٹھنڈی ہوکرسلامتی والی بن جاتی ہے۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ70برسوں سے پاکستان میں مختلف تجربات کیے جارہے ہیں کرپٹ اشرافیہ کومصنوعی مینڈیٹ کے ذریعے قوم پر مسلط کیا جاتا ہے لیکن اب ملک کے تمام ادارے پاکستانی عوام پر رحم کریں ،مزید تجربات سے گریزکریں اورعوام کوآزادانہ طریقے سے دیانت دارقیادت کاانتخاب کرنے کا موقع دیں ،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی دیانتداراوربے داغ قیادت ہی متبادل ہے ۔الخدمت فاؤنڈیشن کی صورت ہماری فلاحی تنظیم عوام الناس کی بے لوث خدمت کررہی ہے ملک بھرمیں اورفن بچوں کوماں باپ جیسی شفقت فراہم کرنے کیلیے کیڈٹ کالج جیسے معیارکے آغوش قائم کیے گئے ہیں جہاں اورفن بچوں کوتمام ترسہولیات میسرہیں ۔