اچھاڑ پچھاڑ نے ثابت کردیا حکمرانوں کے پاس کوئی صلاحیت نہیں 

61

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس بھی ایسی کوئی صلاحیت نہیں جس سے وہ ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرسکیں۔ چہرے تبدیل کرنے سے کوئی بہتری نہیں آئے گی۔ لوگوں اور بالخصوص نوجوانوں میں مایوسی بڑھ گئی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپاؤ پالیسیاں، دکھاوے کے اقدامات اور اقتدار کے مزے لوٹنے کے سوا کچھ نہیں ہورہا۔ مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں نوجوانوں کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔ تبدیلی کے لیے ووٹ دینے والے بھی حیران و پریشان ہیں۔ جس قیادت کو وہ باصلاحیت سمجھتے تھے وہی نااہل اور ناکام ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کی حقیقی ترجمان ہے۔ جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مخدوش حالات اور حکمرانوں کی عدم توجہ کے باعث ہر سال ہزاروں قابل نوجوان بیرون ملک چلے جاتے ہیں اور برین ڈرین ہوجاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کرے جن سے نوجوانوں کے مسائل حل اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنے کا موقع ملے۔ عمر فاروق گجرنے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے کہ پاکستان کو نوجوان افرادی قوت میسر ہے جو کسی بھی ملک کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ چین کی مثال ہمارے سامنے ہے، جس نے افرادی قوت کے ذریعے دنیا میں اپنا سکہ منوایا، ہمیں ترقی یافتہ ممالک کے تجربات سے استفادہ کرنا ہوگا۔