کرپٹ حکمرانوں کو لوگوں کیلئے عبرت بنائیں گے، وزیراعظم

170

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کرپٹ حکمرانوں کو لوگوں کیلئے نشان عبرت بنائیں گےتاکہ کوئی دوبارہ اقتدار میں آکر کرپشن نہ کرے، ہمارا مسئلہ ڈاکوں ہیں جو باربار اوپر آجاتے ہیں۔

کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سیکریٹری ہاؤسنگ نے منصوبے کے لیے جنون کے ساتھ کام کیا، ایک عام آدمی کی سب سے بڑی ضرورت چھت ہوتی ہے تاہم پاکستان میں تنخواہ دار طبقہ کا آمدن سے گھر نہیں بن سکتا، بدقسمتی سے پاکستان میں تنخواہ دار طبقے کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ گھر بنانا مشکل ہوگیا ہےاس ملک میں صرف پیسے والے لوگ گھر بنانے کا سوچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی ایک بڑی وجہ ہے کہ تنخواہ دار طبقہ اپنی آمدن سےگھرنہیں بنا سکتا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں گھر کےلیے قرضہ لینا مشکل ہے،پاکستان میں گھربنانے کیلیے بینک سے قرضے لینے والوں کی تعداد اعشاریہ دو فیصد ہے،جبکہ یورپین ممالک میں یہ شرح 80 فیصد ،ملائیشیا میں30اوربھارت میں 10فیصد تک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بینکوں سے قرضے کے لیے قانون میں تبدیلی لارہے ہیں،ہاؤسنگ اسکیم سے 40سے زیادہ صنعتیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چاہتے ہیں نوجوان سرکاری نوکریوں کے بجائے اپنا بزنس کریں، یہ سنہری موقع ہے۔

وزیر اعظم نے کہاکہ یہ  ملک  70 سال سےاشرافیہ کا پاکستان بن گیا ہے، میں مشرف دور میں 7 دن جیل میں رہا وہاں مجھے صرف غریب لوگ نظرآئے کیونکہ پہلے بڑے ڈاکوپکڑے ہی نہیں جاتےتھے بلکہ اسمبلیوں میں نظرآتے تھے، لیکن اب آپ دیکھ کہ پاکستان میں بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جارہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ساڑھے 4 ہزار ارب ٹیکس کا پیسہ اکھٹا ہوتاہے اس میں سے 2 ہزارقرضے میں چلے جاتاہے، یہ قرضے بھی اتر جائیں گے اور ملک میں دولت آنا شروع ہوجائیگی تاہم تھوڑی دیر کے لیے ہم مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ سب ڈرے ہوئے ہیں کہ عمران خان کی حکومت گراؤ ورنہ سب جیل میں چلے جائیں گے، ملک کو پچھلے 10 سال میں بے دردی سے لوٹا گیا، پی پی اور (ن) لیگ کی حکومتوں نے جو ملک سے کیا ہے وہ کوئی دشمن بھی نہ کرے جب کہ فضل الرحمان کہتا ہے کہ نہ خود کھیل رہا ہوں اور نہ کسی کو کھیلنے دوں گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے کہتے ہیں کہ میں پرانی باتیں کرتا ہوں، یہ باتیں نہ کروں توموازنہ کیسے ہوگا، دو جماعتوں نے ملک کے ساتھ جوکیا وہ دشمن بھی نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بھی دیر لگ جائے ہم ان کو سزائیں دیں گے تاکہ لوگ آئندہ ملک لوٹنے سے ڈریں۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔

وزیراعظم عمران خان سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں گورنر امان اللہ خان اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے ہزارہ برادری کے وفد سے ملاقات کی اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی اظہار ہمدردی کا اظہار کیا۔