طوفانی بارشوں کے باوجود ملک میں خوراک کی کمی کا کوئی امکان نہیں

171

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ نے اعلان کیا ہے کہ ملک فوڈ سیکیورٹی (خوراک کی حفاظت) یا گندم کی قلت کا کوئی خطرہ نہیں ہے اور حالیہ بارشوں اور طوفانی موسم سے گندم، مکئی اور چنے کی فصلوں کو جو نقصان پہنچا ہے وہ صرف درمیانے درجے کا تھا۔

ایک بیان میں وزارت خوراک کی جانب سے کہا گیا کہ ’ صورتحال گندم کی کمی کی طرف اشارہ نہیں کرتی اور گندم کی قلت سے متعلق قیاس آرئیاں غلط ہیں‘۔

اس حوالے سے وزارت حالیہ بارشوں، خاص طور پر پنجاب میں فصلوں کے نقصانات اور متاثرہ گاؤں سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے صوبائی محکمہ زراعت سے مکمل رابطے میں ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ محبوب سلطان خود اس تمام صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع کا دورہ کر رہے ہیں۔