حکمرانوں نے آج تک ووٹرزکی تمنا پوری نہیں کی،راشد نسیم

158

لاہور( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے مردان میں ذمہ داران و کارکنان کی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ تینوں بڑی پارٹیوں نے اپنے ووٹرز کو مایوس کیاہے ان پارٹیوں کو ووٹ دیکر اقتدار میں لانے والے ہمدردی کے لائق ہیں ۔ حکومتی پارٹیوں کو اتنی بڑی تعداد میں ووٹوں سے نوازا گیا مگر ان ووٹرز کی کوئی تمنا پوری نہیں ہو سکی ۔ عام آدمی اسی طرح غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہاہے ۔ غریب کو تعلیم اور علاج کی سہولتیں دستیاب نہیں ۔ تینوں پارٹیاں عوام کی خوشحالی اور ملکی ترقی کے وعدوں پر ووٹ لے کر اقتدار میں آئیں مگر ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا گیا ۔ یہی معاملہ کراچی میں ایم کیو ایم کے ووٹر کا ہے جس نے تین عشروں تک ایم کیو ایم کو ووٹ دیا مگر ان کارکنوں کو بھی کچھ نہیں ملا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کبھی اپنے ووٹر کو مایوس نہیں کیا ۔ جماعت اسلامی پر اعتماد کرنے والوں کے سر آج بھی فخر سے بلند ہیں اور ان کے دلوں میں اطمینان ہے ۔ جماعت اسلامی کے لوگ سینیٹ ، قومی و صوبائی اسمبلیوں اور کراچی جیسے شہر کے میئر رہے مگر ان کی ذات پر آج تک کسی نے کوئی الزام نہیں لگایا ۔ دیگر پارٹیوں کے لوگ کرپشن کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں اور کئی طرح کے الزامات کی زد میں ہیں مگر جماعت اسلامی کے لوگوں کے دامن صاف اور ہر طرح کی کرپشن سے پاک ہیں ۔