اسٹیبلشمنٹ منصوبہ بندی سے علماء کے ووٹ تقسیم کررہی ہے،فضل الرحمٰن

187
پشاور: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کررہے ہیں
پشاور: جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کررہے ہیں

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ منصوبہ بندی کے تحت علماء کے ووٹ کو تقسیم کررہی ہے اور چاہتی ہے کہ مذہبی جماعتیں آپس میں ہی لڑتی رہیں۔پشاور میں منعقدہ سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 70 سال گزر جانے کے بعد بھی معاشرے میں علماء سے متعلق تعصب کے اثرات اب بھی نمایاں ہے اور نامناسب تبصرہ ناقابل فہم ہے، کسی طبقہ کے بارے میں منفی تاثر قائم کرنا کہاں کا انصاف ہے اور یہ اقدامات ریاستی اسٹیبلشمنٹ کے بغیر نہیں ہوسکتے، جوعلماء سے متعلق غلط تاثر پیدا کررہی ہے لیکن تمام مذہبی جماعتیں آپس میں لڑنے کے بجائے دشمن کے مقابلے کے لیے متحد ہوجائیں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکومت پر عالمی ایجنڈے کے تحت دباؤ ہے کہ مدارس کے کردار کو محدود یا ختم کرے، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ مدارس سے متعلق کوئی بھی فارمولہ جے یو آئی کی مشاورت کے بغیر قابل عمل نہیں ہو سکتا ہے۔