مہنگائی بڑھے گی ،عوام کا روزہ کھولنا مشکل ہوجائے گا، مریم اورنگزیب 

222

راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پر روزانہ کی بنیاد پر قرض چڑھ رہا ہے،ہم جیلیں کاٹ کر سرخرو ہو رہے ہیں، حکومت کی اپنی سیٹی بجنے والی ہے، یہ حکومت خالی برتن ہے اور خالی برتن میں شور کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم عمران خان کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر بھولنے نہیں دیں گے، ہم انہیں علیمہ باجی کی کرپشن بھی بھولنے نہیں دیں گے،یہ اتنے نالائق ہیں کہ ترقی کی شرح 9ماہ کے دوران آدھی ہوگئی،ہمیں شرح 12 فیصد پر ملی اور ہم نے 3 فیصد پر دی،آپ کنٹینر پر نہیں کرسی پر ہیں،آپ ہمیں دھمکیاں نہ دیں کارروائی کریں، ہم اگر نام لینے پر آئیں تو پھر کیا ہوگا مگر ہماری قیادت ہمیں اس بات کی اجازت نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا،آئی ایم ایف کے ساتھ چور دروازے سے معاہدے کیے جا رہے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔ انہوں نے کہا عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا میں ایک کھرب کے کھڈے موجود ہیں مگر بی آر ٹی نہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہرملک قرض لیتا ہے، یہ جھوٹ ہے کہ قرض سے مہنگائی بڑھتی ہے، ملک کی بد قسمتی ہے کہ وزیراعظم جھوٹ بولتا ہے، ملک جس کرب سے گزر رہا ہے صرف وزیرخزانہ کو نہیں پوری حکومت کو گھر جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول مزید مہنگا ہونے جا رہا ہے، پی ٹی آئی کے 18 جعلی اکاؤنٹس سامنے آئے، جس کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا، چیلنج کرتی ہوں فواد چودھری پاپڑ والے کے اکاؤنٹ کی تفصیلات بتائیں۔ا نہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ان کو نہیں مل رہا وہ حکومت سے ملنا بھی نہیں چاہتے، رمضان میں روزہ کھولنا مشکل ہوجائے گا عوام کے لیے کیوں کہ یہ نااہل حکومت ہے، ہم نے کھربوں کے منصوبے بنائے اور پی ٹی آئی نے کھربوں کے کھڈے کھودے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا منی لانڈر جہانگیر ترین وزیراعظم کو بریفنگ دیتا ہے، شاہ محمود کو پتا چل گیا کہ یہ حکومت نااہل ہے اور نہیں چل سکتی یہی وجہ ہے کہ وہ5 سال پورے کرنے کی بات کررہے ہیں۔