کینیڈا میں فائرنگ کےواقعات میں 4 افراد ہلاک

116

کینیڈا کے علاقے پینٹیکن میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔

کینیڈین پولیس کے ایک بیان کے مطابق تین مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات پیش آئے اور تمام واقعات 5 کلو میٹر کے فاصلے پر پیش آئے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پینٹیکن میں فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا، اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی لیکن پولیس کے پہنچنے سے قبل کچھ دوری پر ہی فائرنگ کا دوسرا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے ایک، ایک گھنٹے کے وقفے سے فائرنگ کی تاہم فائرنگ کے تینوں واقعات ٹارگٹڈ کارروائی تھے۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کی تحقیقات کےدوران 60 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو تحقیقات مکمل ہونے تک حراست میں رہے گا تاہم حراست میں لیے گئے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔