پیرس کے ساڑھے 800 سال قدیم گرجا گھر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

143

پیرس کے ساڑھے 800 سال قدیم گرجا گھر میں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں تاریخی عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

اطلاعات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی نوٹرڈیم چرچ کی چھت پرآگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے مینار کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں گرجا گھر کے بالائی حصے سے آگ کے شعلے اور دھویں کے بادل دیکھے جاسکتے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کیلئے جائے وقوع پر پہنچیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 800 سال قدیم کلیسا کو مکمل تباہی سے بچا لیا گیا ہے، عمارت میں موجود کئی اہم نوادرات محفوظ رہے اور دو اہم ٹاورز کو بچالیا ہے ۔

چرچ میں آگ لگنے کی وجہ سے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا طے شدہ خطاب مؤخر ہوگیا اور وہ وزیراعظم ایڈوا فلپ کے ہمراہ آگ بجھانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے چرچ پہنچے۔

تاہم تاریخی نوٹرڈیم چرچ میں آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی تاہم چرچ میں مرمت اور آرائش کا کام جاری تھا۔

خیال رہے کہ نوٹرڈیم گرجا گھر میں سالانہ لاکھوں سیاح آتے ہیں، حالیہ مہینوں میں اس تاریخی عمارت کی دیواروں میں دراڑیں دیکھی گئیں جس کے بعد اس کی مرمت اور تزئین و آرائش کا کام شروع کیا گیا تھا تاکہ عمارت کو محفوظ رکھا جاسکے۔