حکومت کے پاس ثبوت ہیں تو کارروائی کیوں نہیں کرتی، مریم اورنگزیب

91

لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کی پریس کانفرنس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو کارروائی کیوں نہیں کرتے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہم پر وہی کنٹینر والے الزامات لگائے جا رہے ہیں، ایسی گفتگو اور جھوٹ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف فنڈنگ کیس، جہانگیر ترین کیس اور علیمہ باجی کی بے نامی جائداد کے بارے میں بھی فواد چودھری کوبتانا چاہیے۔قبل ازیں مریم اورنگزیب نے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے پاس سابق وزرائے خزانہ اسحاق ڈار اور مفتاع اسماعیل کے سوالوں کا جواب نہیں ہے، موجودہ حکومت کو خود بھی اپنے نالائق اور نااہل ہونے کا پتا چل گیا ہے، اسحاق ڈار کی زبان بند کرنے سے22 کروڑ عوام کی زبان بند نہیں ہوگی، عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کی نالائقی اور نااہلی پر کوئی سوال نہ اٹھائے اور علیمہ باجی کی چوری اور جہانگیر ترین کی منی لانڈرنگ کی بات نہ ہو۔ان کا کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ پشاورمیٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے کیسے چھپائیں گے؟ ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 3 گنا کر دی گئی،اسے کیسے چھپائیں گے؟ غریبوں کے گھر اور دکانیں گرا کر بنی گالہ کو کیسے چھپائیں گے جبکہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50لاکھ گھر کیسے د یں گے ۔