حکومت گرانا مسائل کا حل نہیں،موقع دیا جائے،شاہ محمود قریشی 

139
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

ملتان (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت گرانا مسائل کا حل نہیں ‘ موقع دیا جائے۔اتوار کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسد عمر سمیت کوئی بھی چٹکی بجا کر تمام مسائل حل نہیں کر سکتا ،پی ٹی آئی بتدریج اقدامات اٹھارہی ہے‘ معیشت استحکام آنا شروع ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیروکریسی ہماے مینڈیٹ کا احترام کرے اور اپوزیشن کو5برس انتظار کرنا ہوگا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول زرداری کا سیاسی حق ہے کہ وہ سندھ ٹرین مارچ کریں، پنجاب آئیں، ہم انہیں روک نہیں سکتے، یہ ان کا فیصلہ ہے جو وہ مناسب سمجھیں کریں۔ ان کے بقول جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا ہمارا پختہ عزم ہے اور اس پر ہم آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ہمیں علم ہے کچھ قوتیں پورس کے ہاتھی ہیں جو اس مسئلہ میں رکاوٹ
ڈالنا چاہتے ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مہنگائی بڑھنے اوربے روزگاری میں اضافے کی بنیادی وجہ ماضی کی حکومتیں ہیں،پی ٹی آئی کی 8ماہ کی حکومت کو ذمے دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا،5سال کے بعد ہم اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے اور پھر عوام فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کے تدارک میں ہماری مددکرے، ہم دباؤ نہیں ڈال سکتے،کرپٹ عناصر چاہے وہ کسی جماعت سے ہوں ان کی بیخ کنی ہونی چاہیے۔وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ بھارت غیر ذمے دارانہ بیان بازی کرے تو پاکستان کو ایسا نہیں کرنا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ طالبان کے ساتھ امریکا کے مذاکرات کومنطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔