پڑھو پڑھاؤتحریک‘‘مستحق طلبہ اور انکے والدین کیلیے سہارا ہے،حافظ نعیم’’

127
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نارتھ کراچی میں پڑھوپڑھاؤ تحریک کیمپ میں شرکا سے گفتگوکررہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں مہران ٹاؤن کورنگی میں رابطہ عوام مہم کے دوران لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نارتھ کراچی میں پڑھوپڑھاؤ تحریک کیمپ میں شرکا سے گفتگوکررہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں مہران ٹاؤن کورنگی میں رابطہ عوام مہم کے دوران لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کے عوام کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت اور ریاست کی ذمے داری ہے مگر افسوس کہ حکمرانوں نے ہمیشہ شعبہ تعلیم کو نظر انداز کیا ہے اوراپنی ذمے داری کبھی پوری نہیں کی۔اپنی مدد آپ کے تحت جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک ‘‘ایک قابل تحسین کاوش، تعلیم کو عام کرنے ،مستحق اور ضرورت مند طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کی تحریک ہے،جماعت اسلامی گزشتہ کئی برسوں سے نئے تعلیمی سال کی آمد کے موقع پر کیمپ لگاتی ہے جس سے ہزاروں والدین اور طلبہ و طالبات استفادہ کرتے ہیں ، طالب علموں کے
لیے درسی کتب اور دیگر تعلیمی اشیا کی فراہمی کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی نارتھ کراچی کے تحت یوپی موڑ پر رابطہ عوام مہم کے حوالے سے ’’پڑھو پڑھاؤتحریک‘‘ کے کیمپ میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی محمد یوسف نے بھی خطاب کیا۔ کیمپ سے سرجانی،خداکی بستی، لیاری ویو، نارتھ کراچی ،نیوکراچی اوردیگر آبادیوں ،گوٹھوں کے طلبہ وطالبات کی بڑی تعداد نے اپنے والدین کے ساتھ آکر درسی کتب و دیگر تعلیمی اشیاحاصل کی۔طلبہ و طالبات اور والدین کی جانب سے جماعت اسلامی کی ان کوششوں کو بھر پور سراہا گیا ۔قبل ازیں مختلف علاقوں میں عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ اپنی استعمال شدہ درسی کتب اور دیگر تعلیمی اشیا کیمپ پر جمع کرادیں ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے ’’پڑھو اور پڑھاؤ تحریک‘‘ کیمپ کے انعقاد پر جماعت اسلامی ضلع شمالی نارتھ کے کارکنوں اور ذمے داران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس دور میں جب تعلیم مہنگی ہوگئی ہے ریاست اور حکومت تعلیم کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے۔یہ ’’پڑھو پڑھاؤ تحریک‘‘ تازہ ہوا جھونکا ہے ۔ عام غریب طبقے اور متوسط گھرانوں کے لیے آج اپنے بچوں کو تعلیم دلانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت تعلیم کے بجٹ میں اضافہ کرنے پر تیار نہیں ہے۔ حکمرانوں نے ملک میں کرپشن عام کی ہے اور قومی دولت کو بیرون ملک منتقل کیا ہے۔عوام کو اپنا حق حاصل کرنا ہوگا اور حکمرانوں کی بیرون ملک منتقل کی گئی دولت واپس لانا ہوگی۔ملک میں نظریاتی، اخلاقی اور سیاسی کرپشن جاری ہے۔ملک کو ہر طرح کی کرپشن سے نجات دلانے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم کو عام کر کے عوامی شعور بیدا رکیا جائے۔ امیر ضلع شمالی محمدیوسف نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں جہاں مہنگائی کا دور دورہ ہے ، متوسط اورغریب طبقے سے وابستہ افراد اپنے بچوں کو کتابیں دلانے سے قاصر ہیں ایسے میں جماعت اسلامی اپنی کاوشوں سے پڑھو پڑھاؤ تحریک کے ذریعے ان کی امداد کرتی ہے ۔آج کے اس پر فتن دور میں تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت ہے ، جماعت اسلامی اور الخدمت کی کاوش اور محنت دراصل تعلیم کو عام کرنے کی جدوجہد ہے ۔